کسی عزیز کے چلے جانے کا شدید اور دیرپا غم چند سالوں میں آپ کی بھی جان لے سکتا ہے

حال ہی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ کسی قریبی فرد کے بچھڑنے کا گہرا اور طویل عرصے تک قائم رہنے والا صدمہ انسان کی صحت پر ایسا شدید اثر ڈال سکتا ہے کہ اگلے 10 سالوں میں موت کا خطرہ تقریباً دوگنا ہو جاتا ہے۔

ڈنمارک کے محققین نے 2012 میں ایک طویل مدتی مطالعہ شروع کیا، جس میں 62 برس کی عمر کے 1,735 افراد کو شامل کیا گیا جنہوں نے حال ہی میں کسی عزیز کو کھویا تھا۔ ان افراد کو ایک دہائی تک باقاعدگی سے فالو کیا گیا۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق، شرکاء میں سے تقریباً 38 فیصد افراد نے وقت کے ساتھ نسبتاً ہلکا غم محسوس کیا، جبکہ 6 فیصد ایسے افراد تھے جو مسلسل شدید غم میں مبتلا رہے۔ ان شدید غم زدہ افراد میں 10 سال کے اندر موت کا خطرہ اُن لوگوں کے مقابلے میں 88 فیصد زیادہ پایا گیا جنہوں نے کم غم محسوس کیا۔

کم غم محسوس کرنے والے شرکاء نے زیادہ تر ذہنی صحت سے متعلق سہولیات استعمال کیں، جیسے کہ تھراپی، مشاورت یا اینٹی ڈپریسنٹ ادویات۔

ماہرین کے مطابق، طویل اور شدید غم دل کی بیماریوں اور جسمانی کمزوری جیسے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔ ایسے افراد اکثر خوراک، نیند اور ذاتی دیکھ بھال میں غفلت برتتے ہیں، جس کے نتیجے میں وزن میں کمی، ہاضمے کے مسائل اور مجموعی صحت متاثر ہوتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ شریک حیات کے انتقال کے بعد ابتدائی چند مہینوں میں موت کا خطرہ 20 سے 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر پہلے تین ماہ سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں