اسلام آباد ۔ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان ہفتے کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ۔ان کا بطور ایرانی صدر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ مسعود پزشکیان لاہور آمد کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے۔ایرانی صدر نے پاکستان کے راستے چین سے تجارت کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔
اسلام آباد ایئر پورٹ پر صدر مسعود پزشکیان کی آمد پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق دار اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ان کا استقبال کیا۔ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر سینئر وزرا شامل ہیں۔
صدر مسعود پزشکیان کی صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوگی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوگی۔
ایرانی صدر کل اسلام آباد میں دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دو طرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، بارڈر سیکیورٹی اور علاقائی صورت حال پر بات چیت کا امکان ہے۔
اس قبل، صدر مسعود پزشکیان اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ لاہور پہنچے تو مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ ایرانی صدر کی پاکستان آمد پر انھیں گلدستے پیش کیے گئے۔ مسعود پزشکیان نے پرتپاک استقبال کرنے پر اظہار تشکر کیا۔
بعدازاں، وزیراعلی پنجاب مریم نواز مہمان صدر کے ہمراہ مزار اقبال پر حاضری کے لئے روانہ ہو گئیں، ان کے ساتھ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔
ایران کے صدر نے شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے، اس موقع پر انھوں نے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔ صدر مسعود پزشکیان نے شاعرِ مشرق علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔











