اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جاری کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔
مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پر اپنے شدید ردعمل میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی وزرا کی زیر نگرانی قابض افواج کے تحفظ میں انتہا پسند گروہوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر حالیہ حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے نہایت محترم مقامات میں سے ایک کی توہین نے دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ یہ عمل نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانیت کے اجتماعی ضمیر کے خلاف بھی ایک سنگین اقدام ہے۔ قابض قوت کی جانب سے ایسی منصوبہ بند اشتعال انگیز کارروائیاں اور غیر ذمہ دار الحاقی دعوے خطے میں پائیدار امن کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کے یہ اقدامات دانستہ طور پر فلسطین اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو بڑھاوا دے رہے ہیں، جس سے خطہ مزید تنازعات اور عدم استحکام کی طرف گامزن ہو رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر فوری جنگ بندی، ہر قسم کی جارحیت کے خاتمے اور ایک قابلِ بھروسہ امن عمل کی بحالی کا مطالبہ کرتا ہے، تاکہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی روشنی میں القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے والی ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ممکن ہو۔











