معرکہ حق میں فتح کا جشن اور یوم آزادی، اسلام آباد میں رنگا رنگ تقریب

اسلام آباد ۔پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے اسلام آباد جناح گراؤنڈ میں شاندار اور پروقار تقریب جاری ہے، جس میں صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہے۔

78 ویں جشن آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے منعقد تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہیں۔

معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، سینئر وزیر مریم اورنگزیب شریک ہیں۔اس کے علاوہ اعلیٰ عسکری قیادت اور دوست ممالک کے سفرا، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود ہیں۔

مرکزی تقریب کا آغاز قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت سے ہوا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے بعد تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پاک آرمی، پاک بحریہ، فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستے نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی تقریب میں اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ تقریب میں ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔

تقریب کے دوران قومی پرچم کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر پُرتپاک استقبال کیا، علم بردار دستے نے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ حاضرین نے کھڑے ہو کر قومی پرچم کو سلامی دی۔

صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر شرکا نے اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتب دکھائے۔ پریڈ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل محمد عمر اعوان نے صدر مملکت آصف زرداری کو پریڈ پیش کی، پریڈ نے مہمان خصوصی کو صدر سلام پیش کیا۔ طیاروں کی گھن گرج سن کر شہری بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں