اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف نے یوم آزادی کے 78 سال مکمل ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کو ایک بار پھر میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے پیش کش کی ہے۔
اسلام آباد کے جناح گراؤنڈ میں منعقدہ جشن آزادی معرکہ حق کی عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 14 اگست کوئی عام دن نہیں بلکہ طویل تاریخ ہے، جس کے ہر موڑ پر ہمارے بزرگوں کی قربانیاں، شہیدوں کے لہو اور آزادی کے متوالوں کے جوش اور ولولے کی نشانیاں نظر آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابائے قوم حضرت قائد اعظم، علامہ اقبال، تحریک پاکستان کے تمام قائدین و کارکنان کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں، دور اندیش قیادت نے تاریخ اور جغرافیہ دونوں بدل ڈالے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر پاکستان پر حملہ کیا، اسے اپنی جنگی طاقت پر گھمنڈ تھا اور زیر کرنے کا سوچ رہا تھا مگر وہ یہ بھول گیا تھا کہ جنگیں ہتھیاروں کے بل بوتے پر نہیں لڑی جاتیں۔ الحمد اللہ چار دن کے اندر بھارت کا غرور مٹی میں مل گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کا اُس جری فوج سے سامنا ہوا جس کی پشت پر فیلڈ مارشل، جنرل ساحد شمشاد مرزا، ظہیر بابر (ایئرچیف)، ایڈمرل نوید جیسے سالار کھڑے تھے۔ جوانوں نے بھارت کو تاریخ کو وہ سبق سکھایا جسے بھارت قیامت تک یاد رکھے گا، یہ سیسہ پلائی دیوار بن کر لڑتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر قوم کا عظیم بیٹا، جس نے بھارتی جنگی جنون کے خلاف ایسی حکمت عملی بنائی جس کا اعتراف دوست دشمن کرتے ہیں، 14 اگست کو جیسے ایک نیا وطن وجود میں آیا ویسے ہی مئی میں ایک قوم سامنے آئی، ہم عہدے کرتے ہیں کہ اپنے بزرگوں کی قربانیوں اور صلاحیتوں کو فراموش نہیں کریں گے۔











