ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی ناکامی کی تحقیقات کیلیے کمیٹی قائم

اسلام آباد: ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی ناکامی کی تحقیقات کیلیے 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی ناکامی کی تحقیقات کیلیے سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسل کی سربراہی میں ایک 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی کمیٹی کے ممبران میں ممبر ٹیکنالوجی سی ڈی اے نعمان خالد، سی ای او نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بابر نجیب بھٹی اور ایڈیشنل سیکریٹری قانون و انصاف اویس نعمان کنڈی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے دور میں نافذ کیے گئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو فراڈ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا، 25 ارب کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلیے قائم کی گئی یہ چوتھی کمیٹی ہے، اس سے قبل سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے بھی تحقیقات کرائی تھیں، جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا، جبکہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب بھی دو انکوائریاں کراچکے ہیں۔
چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ناقص ایوارڈ اور اس پر عملدرآمد میں نقائص کی تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں