اسلام آباد ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمارے خفیہ اداروں کے پاس بھارت کی منصوبہ بندی کی پیشگی معلومات موجود ہوتی ہیں۔ جنگ کے دوران ہمیں غیبی مدد بھی حاصل رہی اور ہم نے 6 بھارتی طیارے مار گرائے جن کی ویڈیوز بھی دستیاب ہیں۔
لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ میں پاک بھارت جنگ کے کئی پہلوؤں کا براہِ راست گواہ ہوں اور بعض معاملات میں عملی طور پر شریک بھی رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پس پردہ کام کرنے والے اداروں کو بھارت کے تمام منصوبوں کا پہلے سے پتا چل جاتا تھا۔ اگر انسان پختہ ارادہ کرے تو اللہ تعالیٰ کی مدد بھی شامل حال ہو جاتی ہے اور کامیابی مقدر بن جاتی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پاک بھارت جنگ میں ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے خصوصی مدد ملی، بھارت ہمارا کوئی طیارہ تباہ نہیں کر سکا جبکہ ان کے چھ جہاز ہم نے مار گرائے، جن کے ثبوت ویڈیو کی صورت میں موجود ہیں۔
محسن نقوی نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے نور خان ایئربیس پر سات میزائل داغے مگر وہ یا تو ایئربیس سے کچھ پہلے گر گئے یا اردگرد جا کر تباہ ہوئے، اس لیے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اس کے جواب میں ہم نے بھارت کے 36 اہداف کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران سعودی عرب کا ایک وفد پاکستان آیا، جو اسی وقت بھارت سے واپس لوٹا تھا۔ ان کے مطابق اس وقت بھارتی بحریہ، فوج اور فضائیہ کسی واضح منصوبے پر متفق نہیں تھیں۔ اس جنگ کے پیچھے براہِ راست مودی نہیں بلکہ امیت شاہ اور اجی دیول تھے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس جنگ میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں یک زبان تھیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شاندار سفارتکاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچستان میں کھلے عام دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔











