بارشوں کا نیا سلسلہ؛ دریاؤں کی سطح بلند، محکمہ موسمیات نے سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا

لاہور۔ملک بھر میں مون سون کی شدت بڑھنے لگی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے کراچی، خیبر پختونخوا سمیت ملک کے کئی شہروں میں شدید بارشوں کا امکان ہے جب کہ دریاؤں کی سطح بلند ہونے سے سیلابی صورت حال پیدا ہو چکی ہے۔

گزشتہ شب شہر قائد کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 گھنٹوں کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی خیبر پختونخوا میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق کشمیر، وادی نیلم، مظفرآباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، جہلم اور گجرات میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ موسلادھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اس سلسلے میں عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اُدھر سندھ اور بلوچستان میں 22 اگست تک موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب ہیں جب کہ گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔

لاہور میں اس وقت مون سون کا کمزور سسٹم موجود ہے جس کی وجہ سے موسم خشک اور حبس زدہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں