اسلام آباد۔پاک افغان وزرائے خارجہ کے دو طرفہ مذاکرات ہوئے جس میں اقتصادی اور سیکیورٹی مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کوششوں تیز کرنے اور دونوں ممالک کی صنعت و تجارت کی وزارتوں کے درمیان رابطے مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل میں 20 اگست کو پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چین کے وزیر خارجہ اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کے درمیان چھٹی سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات منعقد ہوئے۔
ان مذاکرات میں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی تینوں فریقوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں تجارت، علاقائی روابط اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بات چیت کی گئی جبکہ اسحاق ڈار کی افغان نگران وزیر خارجہ سے دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا چھٹا سہ فریقی اجلاس آج کابل میں ہوا۔ نائب وزیر اعظم کے ہمراہ افغانستان کے لیے خصوصی نمائندہ محمد صادق اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔











