ملک کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، الرٹ جاری

لاہور۔پنجاب سمیت ملک کے کئی حصوں میں آج سے شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔انتظامیہ نے اس صورتحال کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے تنبیہ کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، جن میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں، جبکہ چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان میں ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ اسی طرح مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے آمد و رفت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ، پشاور اور نوشہرہ میں بھی بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔

محکمہ نے مزید کہا ہے کہ طوفانی بارشوں اور تیز آندھی کے دوران کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، دیواریں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، لہٰذا شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسم سے متعلقہ تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آج پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، خطۂ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ پیر کے روز بھی انہی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جب کہ رات کے وقت شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں بارش مزید تیز ہو سکتی ہے۔

ادارے نے جنوب مشرقی سندھ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے، تاہم ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

پنجاب میں آج راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ شام یا رات کے وقت سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے کئی علاقے بھی بارش کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں