بنوں : بھارتی خارجیوں کا ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ ناکام،5جہنم واصل، 6جوان شہید

سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پشت پناہی رکھنے والے دہشت گردوں کی فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز میں گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے لدی ہوئی گاڑی ایف سی ہیڈکوارٹرز کی دیوار سے ٹکرائی۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دھماکے کے باعث دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا اور قریبی شہری ڈھانچے کو نقصان پہنچا، واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی ہیڈکوارٹر میں داخلے کی کوشش ناکام بنائی، تاہم دھماکے میں تین عام شہری زخمی ہوئے جبکہ ایف سی کے 6 جوان شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی تنظیم “فتنہ الخوارج” سے وابستہ 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج اور ایف سی کے چھ جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔

دوسری طرف ریسکیو حکام کے مطابق حملے میں 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں چار گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں، واقعے کے بعد سول ہسپتال اور بی ایم سی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی پراکسی گروہ “فتنہ الخوارج” کے دہشت گردوں نے آج صبح بنوں میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر یہ حملہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں