پاکستان سے امریکا کیلیے براہ راست پروازوں کے امکانات روشن ہوگئے

پاکستان سے امریکا کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی کے امکانات بڑھ گئے ہیں، کئی برس بعد امریکی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (FAA) کی پانچ رکنی ٹیم دبئی سے غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے کراچی آئی ہے، جہاں وہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کا تفصیلی آڈٹ کرے گی۔

اس آڈٹ میں سی اے اے کے لائسنسنگ، فلائٹ اسٹینڈرڈز، ایئروردنیس اور اسٹیٹ سیفٹی کے شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ امریکی وفد 12 ستمبر تک آڈٹ مکمل کر کے پاکستان سے واپس روانہ ہوگا۔

یاد رہے کہ جعلی لائسنس پائلٹس اسکینڈل کے بعد برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا نے پاکستانی ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ اسی واقعے کے بعد امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پاکستان سی اے اے کی ریٹنگ کم کر دی تھی۔

امریکی ایف اے اے کے آڈٹ میں کامیابی کی صورت میں پاکستانی ایئرلائنز کو امریکا کے لیے براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت مل سکتی ہے اور ساتھ ہی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ریٹنگ میں بھی بہتری آنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں