7 ستمبر یوم فضائیہ، جب پاکستان کے شاہینوں نے دشمن کی فضائی قوت کو ناکام بنایا

آج ملک بھر میں یومِ فضائیہ نہایت جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کی غیر معمولی جرات، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی یاد دلاتا ہے۔

یومِ فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے دستے شہید پائلٹ راشد منہاس کی مزار پر حاضری دیں گے، پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور سلامی پیش کریں گے۔

یہ دن اُن عظیم فضائی معرکوں کی یادگار ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن پر بھرپور برتری قائم کی اور اپنی شاندار کارکردگی سے وطن کی فضائی سرحدوں کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے دشمن کے متعدد فضائی اڈے تباہ کر دیے اور تعداد میں کہیں زیادہ بھارتی فضائیہ کو بھاری نقصان پہنچایا۔

6 ستمبر یومِ دفاع کے فوراً بعد 7 ستمبر کو پاک فضائیہ نے اپنی جرات اور مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔ اس دن کا سب سے یادگار کارنامہ اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے انجام دیا، جنہوں نے اپنے جنگی طیارے سے چند لمحوں کے اندر دشمن کے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے۔

7 ستمبر 1965 کو سرگودھا کے محاذ پر ایم ایم عالم نے پانچ بھارتی ہنٹر طیاروں کو تباہ کیا، جن میں سے چار کو صرف 30 سیکنڈ کے قلیل وقت میں مار گرایا گیا۔ یہ کارنامہ آج بھی دنیا کی فضائی جنگی تاریخ میں ایک بے مثال ریکارڈ سمجھا جاتا ہے۔

ایم ایم عالم کی اس شجاعت نے پاکستان ایئر فورس کو دنیا کی بہترین فضائیہ کے طور پر تسلیم کرانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

جنگ کے آغاز میں ہی پاک فضائیہ نے بھارتی ایئر بیس پٹھانکوٹ، ہلواڑہ اور جمنانگر پر کامیاب حملے کیے، جس سے بھارتی فضائیہ کو زبردست نقصان اٹھانا پڑا۔

لاہور اور سیالکوٹ کے محاذ پر بھی پاک فضائیہ نے زمینی افواج کو بھرپور فضائی معاونت فراہم کی اور بھارتی یلغار کو روکنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

پاک فضائیہ کے بہادر پائلٹس نے اپنی جرات اور مہارت سے دشمن کے جدید طیارے تباہ کیے، حالانکہ بھارتی فضائیہ کی تعداد پاکستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھی۔

7 ستمبر کا دن اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے محافظ ہر وقت اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں تاکہ وطن کا دفاع ہر حال میں یقینی بنایا جا سکے۔

یہ دن پاکستان کے فضائی دفاع میں دی گئی قربانیوں اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کا عکاس ہے، جو قوم کے عزم و حوصلے اور استقامت کی علامت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں