ملتان۔دریائے چناب اور دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے نتیجے میں پانی جلال پور پیر والا کی بستیوں میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے۔
ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سیلابی پانی آنے کے بعد شہریوں کو گھروں سے نکلنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے مساجد میں اعلانات کر کے عوام کو فوری انخلا کی تلقین کی جا رہی ہے۔
سیلاب کی سنگین صورتحال کے باعث متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ ریسکیو 1122 کی مزید ٹیمیں جلال پور پیر والا روانہ کر دی گئی ہیں۔ مقامی ریسکیو اہلکار پہلے ہی انخلا کا عمل شروع کر چکے ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جلال پور پیر والا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جب متاثرینِ سیلاب کو لے جانے والی کشتی پانی کے تیز بہاؤ کے باعث الٹ گئی۔ اس حادثے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ضلعی انتظامیہ ملتان کے مطابق کشتی زیادہ تر خواتین اور بچوں سے بھری ہوئی تھی اور پانی کی گہرائی 15 سے 20 فٹ تھی۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے سرچ اور ریلیف آپریشن شروع کیا، جس کے دوران 4 لاشیں نکالی گئیں جبکہ متعدد افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ تاہم ایک بچے کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر آپریشن بدستور جاری ہے۔











