کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں تھڈو ڈیم لبریز ہو کر اُبل پڑا، جس کے بعد تیز رفتار سیلابی ریلہ ایم-9 موٹروے تک جا پہنچا۔
سپر ہائی وے پر موجود الحبیب ریسٹورنٹ کے اطراف کی سڑک پانی میں ڈوب گئی ہے، جس کے باعث کراچی سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے کراچی جانے والی ٹریفک دونوں سمتوں میں مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔
موٹروے اور نیشنل ہائی وے پولیس نے تصدیق کی ہے کہ پانی کی سطح بڑھ کر موٹروے کے کنارے سے ٹکرا رہی ہے اور سپر ہائی وے کا بڑا علاقہ زیرِ آب ہے۔
اس صورتحال میں ایم-9 کے درمیان نصب کرش بیریئر کو ہٹا کر پانی کے بہاؤ کا راستہ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
سپر ہائی وے کے اطراف کی کئی رہائشی بستیوں میں سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے اور مختلف مقامات پر چار سے پانچ فٹ تک پانی کھڑا ہو گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر کمشنر کراچی نے ریسکیو اور امدادی ٹیموں کو فوری حرکت میں لا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق حالات کا جائزہ لے کر موٹروے کی درمیانی دیوار کو توڑ کر پانی نکالا جا رہا ہے تاکہ آمدورفت دوبارہ شروع کی جا سکے۔











