اسلام آباد ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں قطر کی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک روزہ سرکاری دورہ کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان ہر حال میں قطر کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کو برادر ملک قطر پر اس جارحیت پر شدید تشویش ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے سراسر منافی ہے۔
پاکستان اور قطر کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ دونوں ممالک ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھائی چارے کے اسی جذبے کے تحت پاکستان اس مشکل گھڑی میں عزت مآب امیر قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔











