حکومت کا بڑا فیصلہ،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے اگست کے بجلی کے بل معاف

اسلام آباد: حکومت نے ملک کے سیلاب زدہ علاقوں میں اگست 2025 کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت توانائی نے یہ بھی بتایا کہ جو صارفین پہلے ہی بل ادا کر چکے ہیں، ان کی ادائیگیاں واپس کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے عوامی مفاد میں کیے گئے بروقت اقدامات پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے صارفین کے اگست کے بل معاف کر دیے گئے ہیں اور پہلے سے جمع شدہ رقوم متاثرین کو واپس کی جائیں گی۔

قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر عوامی ریلیف کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اگست کے بجلی کے بلوں کی وصولی روکنے کا حکم دیا تھا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے بلوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت دی گئی کہ متاثرہ علاقوں سے اگست 2025 کے بل فوری طور پر نہ لیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں