واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قطر امریکا کا نہایت قریبی اتحادی ہے اور اسرائیل کو اس حوالے سے محتاط طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے۔
امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قطر کو امریکا کا بہترین اتحادی قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خصوصی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے قطر کے امیر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں عظیم رہنما بھی قرار دیا۔
ایک صحافی کے سوال پر کہ قطر پر اسرائیلی حملوں کے تناظر میں وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کو احتیاط برتنی چاہیے۔ ان کے مطابق اسرائیل کو حماس کے خلاف اقدامات ضرور کرنے ہیں، لیکن یہ بات بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ قطر امریکا کا اہم ترین شراکت دار ہے جسے اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر نے روس پر پابندیوں کے بارے میں کہا کہ امریکا مزید اقدامات کے لیے تیار ہے اور یورپی ممالک کو بھی اسی حکمتِ عملی پر عمل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ روس سے بڑی مقدار میں تیل خرید رہا ہے جبکہ امریکا نہیں چاہتا کہ یورپی معیشت روسی تیل پر انحصار کرے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ بھارت کو بھی روس سے تیل خریدنے پر بھاری ٹیرف کا سامنا کرنا پڑا ہے۔











