قطر میں عرب اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس، وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

وزیراعظم شہباز شریف دوحا قطر پہنچ گئے جہاں وہ عرب اسلامی سربراہ کانفرنس کے ہنگامی اجلاس میں شریک ہیں، انہوں نے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

قطر کے وزیر ثقافت شیخ عبد الرحمٰن بن حمد بن جاسم بن حمد ال ثانی نے دوحا ائیرپورٹ پر وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

یہ کانفرنس اسرائیل کے فضائی حملوں اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر غور کرنے کے لیے بلائی گئی ہے۔ کانفرنس میں 50 سے زائد مسلم ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔

اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم کی فلسطین کے صدر محمود عباس، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، تاجکستان اور مصر کے صدور، ملائیشیا کے وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے فلسطین کے صدر محمود عباس پرتپاک انداز اور گرمجوشی سے ملے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں