وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحا میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات میں اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتِ مسلمہ کا اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور پاکستان قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔
یہ ملاقات دوحا میں منعقدہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحا میں اسرائیلی میزائل حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے اس واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سنگین حملہ اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات برادرانہ اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں اور یہ روابط مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قطر کی جانب سے دوحا میں ہنگامی اجلاس بلانے کے اقدام کو سراہا۔
شہباز شریف نے مزید بتایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی کوشش کی تاکہ خطے کی کشیدہ صورتحال پر عالمی سطح پر مؤثر آواز اٹھائی جا سکے۔
امیرِ قطر نے وزیراعظم پاکستان کی دوحا آمد اور اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔











