مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کوئی بات نہیں ہوسکتی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا اس وقت تک بھارت کے ساتھ کسی بھی نوعیت کے تعلقات یا مذاکرات ممکن نہیں۔

لندن میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جو لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ کشمیر کو پسِ پشت ڈال کر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات قائم ہو سکتے ہیں، وہ سراسر غلط فہمی میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے برطانیہ سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے بقول اگر اوورسیز پاکستانیوں کو سونا اور جواہرات میں بھی تولا جائے تو کم ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ رواں برس بیرون ملک پاکستانیوں نے ساڑھے 38 ارب ڈالر وطن بھیجے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کی ترقی اور استحکام میں نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ حکومت ان کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مؤقف کو عالمی فورمز پر ہر ممکن انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔

خطاب کے بعد وزیراعظم لندن سے امریکہ روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور متعدد اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیراعظم کی حیثیت میں جنرل اسمبلی سے یہ ان کا تیسرا خطاب ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں