اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزارت امورِ سمندر پار پاکستانی و ترقیِ افرادی قوت اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) میں اصلاحات کا فیصلہ کرلیا۔
وزیرِ اعظم نے ملک گیر تکنیکی و فنی تعلیم کو یکسان کرنے اور بیرونِ ملک پاکستانی افرادی قوت کے بہتر روزگار کیلئے پاکستان اسکل کمپنی (Pakistan Skill Company) بنانے اور پاکستان اسکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے فوری قیام کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے پاکستان اسکل کمپنی اور پاکستان اسکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت کو عالمی معیار کی تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے NAVTTC کو مزید فعال بنایا جائے.
انہوں نے کہا کہ تمام تکنیکی شعبوں میں عالمی شہرت یافتہ اور بین الاقوامی سرٹیفیکشنز یقینی بنائی جائیں اور نادرا و NAVTTC اور تمام صوبائی اداروں سے مل کر ملک میں اور بیرونِ ملک موجود افرادی قوت کا ایک مربوط اور منظم ڈیابیس بنایا جائے.
وزیرِ اعظم نے پاکستانی تکنیکی و فنی افرادی قوت کو بیرونِ ممالک روزگار کے حوالے سے کمپنیوں کے لائسنس رجیم میں بھی اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کمپنیوں اور لوگوں کی نشاندہی کی جائے جو پاکستانی افرادی قوت کو دھوکہ دے کر انکو معاشی نقصان پہنچاتے ہیں. ایسے عناصر دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی کا باعث بنتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان میں تکنیکی و فنی تربیت کے شعبے کی اصلاحات کیلئے ایک کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی. کمیٹی شعبے کی مجموعی طور کیلئے سفارشات پیش کرے گی. کمیٹی وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقیِ افرادی قوت کی اصلاحات پر بھی سفارشات مرتب کرے گی.