بجلی کے شعبے میں گردشی قرض تمام وسائل کو نگل رہا تھا، اسکے مسائل سے نمٹنا بڑی کامیابی ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں گردشی قرضہ تمام وسائل کو ختم کر رہا تھا اور اس سنگین مسئلے پر قابو پانا ایک بڑی کامیابی ہے۔

توانائی کے شعبے کے گردشی قرضے کے حل سے متعلق منصوبے کی افتتاحی تقریب سے نیویارک سے ورچوئل خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ گردشی قرض مسلسل بڑھ رہا تھا اور اس سے نمٹنا قومی سطح کی اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر توانائی کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے انتھک محنت اور آزاد بجلی گھروں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے، یہ منصوبہ اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے شعبے میں لائن لاسز بھی ایک بڑا چیلنج ہیں، جس پر اگلے مرحلے میں بھرپور توجہ دی جائے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1225 ارب روپے کے گردشی قرضے کا حل نہ صرف مالی نظم و ضبط قائم کرے گا بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گا۔ ان کے مطابق یہ اقدام توانائی کے دیرینہ مسائل کے خاتمے کی طرف ایک تاریخی سنگ میل ہے۔

وزارتِ خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کامیابی وزیر اعظم کی ٹاسک فورس برائے پاور، وزارتِ توانائی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور 18 شراکتی بینکوں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس ری اسٹرکچرنگ نے اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ اگر ادارے مربوط انداز میں اور ٹیم ورک کے ساتھ کام کریں تو مشکل سے مشکل مسائل کا حل ممکن ہے۔

اس اہم اقدام کی قیادت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کی، جبکہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، مشیر نجکاری محمد علی، نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکریٹری خزانہ امداداللہ بوسال سمیت ٹاسک فورس کے تمام ارکان اور بینکنگ سیکٹر نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں