پاک امریکا سربراہان کی تاریخی ملاقات پر خواجہ آصف کا ردعمل

اسلام آباد وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پاکستان کی سفارتی اور دفاعی پوزیشن کو مزید تقویت دے رہی ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کی، سعودی عرب کے ساتھ دفاعی شراکت داری کو نئی جہت دی اور پاک-امریکا تعلقات میں غیر معمولی پیش رفت دیکھنے کو ملی۔

خواجہ آصف کے مطابق “الحمدللہ، 2025 کامیابیوں کا سال ثابت ہو رہا ہے اور ہائبرڈ نظام کی شراکت داری مضبوطی سے آگے بڑھ رہی ہے۔”

یاد رہے کہ گزشتہ شب وزیراعظم شہباز شریف نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں امریکی صدر سے ملاقات کی جو تقریباً ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔

اس ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔

اگرچہ گفتگو کی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم حکومتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور معاشی شراکت داری پر بات چیت ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں