اسلام آباد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج ریکارڈ ساز تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز بازارِ حصص میں سرمایہ کاروں کی بھرپور خریداری کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا۔ ابتدائی گھنٹوں میں 100 انڈیکس میں 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جو بعد ازاں بڑھ کر 1901 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 61 ہزار 181 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ بعد ازاں مزید تیزی کے نتیجے میں انڈیکس 2031 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 61 ہزار 311 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
رواں سال اب تک پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 39 فیصد کا نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران یہ اضافہ 96 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ ماہرین اقتصادیات کے مطابق مارکیٹ کی یہ تیزی حکومتی پالیسیوں، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی اشاروں میں بہتری کا نتیجہ ہے۔ سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متحرک کیا ہے اور اگر یہ تسلسل برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارے فراہم کر سکتی ہے۔











