لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مخالفین کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ صرف باتیں کرتے ہیں وہ اپنے صوبوں میں بھی عوام کی خدمت کریں تاکہ لوگوں کو سہولتیں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ ہمارا وزیراعلیٰ کیمرے کے سامنے نہیں آتا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب عملی طور پر کام ہوتا ہے تو خود بولتا ہے۔
لاہور میں سیلاب سروے مہم کے آغاز پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے رضاکاروں سے حلف لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رضاکار سیلاب متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگائیں گے اور ان کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل وقت میں دکھی انسانیت کی خدمت کرنا سب سے بڑی عبادت ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں اور پنجاب حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج، راوی اور چناب میں بدترین سیلاب آیا ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ ریکارڈ بارشوں کے باعث پنجاب کے 25 اضلاع متاثر ہوئے جبکہ صوبائی کابینہ اور وزرا دن رات متاثرین کی بحالی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 25 لاکھ افراد کو سیلاب سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور متاثرہ خاندانوں کو تین وقت کا کھانا مہمانوں کی طرح فراہم کیا گیا۔ بچوں کے لیے دودھ اور پھلوں سمیت ضروری اشیا پہنچائی گئیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں *کلینک آن وہیلز* کے ذریعے طبی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس، ریسکیو اور انتظامیہ نے ریلیف سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ متاثرہ علاقوں میں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے تاکہ لوگوں کو صحت کے مسائل کا سامنا نہ ہو۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ عوامی خدمت ہی اصل سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفتر میں بیٹھ کر صرف تصاویر بنوانا آسان ہے مگر اصل کام میدان میں جا کر دکھانا ہوتا ہے۔ کیمرا اس وقت سامنے آتا ہے جب عملی اقدامات ہوتے ہیں تاکہ عوام کو علم ہو کہ ان کا وزیراعلیٰ اور کابینہ ان کے ساتھ موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت پر تنقید اس لیے کی جا رہی ہے کیونکہ اصل کام صرف پنجاب میں ہو رہا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ دیگر صوبے بھی اپنی عوام کے لیے اقدامات کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پیرپگارا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ چند ماہ بعد یہ نظر بھی نہیں آئے گا کہ یہاں کبھی سیلاب آیا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ دیگر صوبوں سے بھی آوازیں آرہی ہیں کہ کاش وہاں کی حکومتیں بھی پنجاب جیسا کام کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔











