اسلام آباد ۔آزاد کشمیر کے علاقے پلندری میں مختلف جامعات کے ایک ہزار طلبہ اور اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی نظام مؤثر طریقے سے کام کر رہا ہے اور اگر ریاست ٹیکس اکٹھا نہیں کرے گی تو مراعات اور تنخواہوں کی ادائیگی ممکن نہیں ہوگی۔
ملاقات کے دوران انہوں نے طلبہ کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں اور ہنگامہ آرائی سے متعلق بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے مثبت سمت میں جا رہے ہیں، احتجاج ہر شہری کا حق ہے مگر پرتشدد رویہ معیشت کو نقصان پہنچاتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے 30 فیصد سے زیادہ شہری سرکاری ملازمت سے وابستہ ہیں، اس لیے ریاستی محصولات کے بغیر نظام کو چلانا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کشمیر کو بے شمار وسائل اور نعمتوں سے نوازا ہے، پاکستان کا خواب بھی ایک کشمیری نے دیکھا تھا اور آج بھی پاک فوج میں بڑی تعداد کشمیری افسران اور جوانوں کی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ کشمیریوں کا مستقبل صرف اور صرف “کشمیر بنے گا پاکستان” ہے۔











