کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت میں فرنٹیئر کور (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے میں 10 شہری زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگرد مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے خوجک روڈ پر پیش آیا جہاں ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی گئی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔
زخمیوں میں 2 سکیورٹی اہلکار اور 4 خواتین شامل ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ہیڈکوارٹر کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے لیکن فورسز نے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔ ابتدائی تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ یہ حملہ بلوچستان میں جاری دہشت گردی کی سلسلہ وار کارروائیوں کا حصہ تھا۔











