اسلام آباد: پاکستان اور سلطنتِ عمان نے طبی شعبے میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال سے عمان کے سفیر فہد خلف الخروصی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون، صحت کے میدان میں شراکت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور صحت کے مختلف شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فارماسیوٹیکل سیکٹر میں تکنیکی تعاون، ہیلتھ کیئر اسٹاف اور میڈیکل پروفیشنلز کے تجربات کا تبادلہ دونوں ملکوں کے لیے سودمند ہوگا۔
وزیر صحت نے مزید کہا کہ یہ شراکت داری صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کو تقویت دینے اور ویکسین کی مقامی تیاری جیسے اقدامات کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔
دریں اثنا عمانی سفیر فہد خلف الخروصی نے پاکستانی طبی ماہرین کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان نرسنگ، میڈیکل اسپیشلسٹس اور دیگر طبی عملے کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے طبی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ماہرین کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔











