اسرائیلی فوج غزہ میں بمباری فوراً روک دے،ڈونلڈ ٹرمپ کا حکم

فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے 20 نکاتی امن فارمولے پر مثبت ردعمل سامنے آنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ پر بمباری بند کرے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ حماس کا تازہ مؤقف ظاہر کرتا ہے کہ وہ دیرپا امن کے لیے تیار ہے اس لیے اسرائیل کو چاہیے کہ حملے روک کر یرغمالیوں کی بحفاظت رہائی کا راستہ ہموار کرے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس نازک صورتحال میں کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے انسانی جانوں کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق مذاکرات کا عمل جاری ہے اور یہ معاملہ صرف غزہ تک محدود نہیں بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کے پائیدار امن سے منسلک ہے۔

ٹرمپ نے ایک ویڈیو پیغام میں قطر، ترکی، سعودی عرب، مصر اور اردن سمیت کئی ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریاستیں جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں اور ہم اس ہدف کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ حماس نے امریکی صدر کے امن منصوبے کو بڑی حد تک قبول کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کے بدلے تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی پر آمادہ ہے۔ مزید یہ کہ حماس غزہ کی انتظامیہ کو ایک غیر جانبدار فلسطینی ٹیکنوکریٹ حکومت کے سپرد کرنے پر بھی رضامند ہے جس کی تشکیل قومی اتفاق رائے اور عرب و اسلامی ممالک کی حمایت سے کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں