وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن اور عوامی مفاد حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کشمیری عوام کے مسائل حل کیے جائیں گے۔
پرائم منسٹر آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات پر اراکین کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ پاکستان اور آزاد کشمیر دونوں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق حالات کا معمول پر آنا خوش آئند ہے اور الحمدللہ تمام سازشیں اور افواہیں دم توڑ گئیں۔
وزیراعظم نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن کا قیام خوشی کی بات ہے اور حکومت ہر وقت کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت پہلے بھی کشمیری عوام کے حقوق کی محافظ رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کا تحفظ جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے مسائل ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیے گئے ہیں اور آئندہ بھی اسی جذبے سے خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔











