وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغانستان میں کارروائی سے متعلق فیصلہ حکومتی سطح پر کیا جائے گا، یہ ممکن نہیں کہ وہاں سے حملے ہوں اور ہم خاموش تماشائی بنے رہیں۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بات چیت میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے اسلام آباد میں اپنا قیام برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خود سری لنکا کے وزیر دفاع سے رابطہ کیا، انہیں اعتماد میں لیا اور مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے رات گئے اعلان کیا کہ ان کی ٹیم پاکستان کے جاری دورے کو حسبِ پروگرام جاری رکھے گی، یوں ایک ممکنہ بحران ٹل گیا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بم دھماکے کے بعد سری لنکن ٹیم نے واپسی پر غور کیا تھا، تاہم بات چیت کے بعد بورڈ، کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے حوصلہ مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں ہی قیام کا فیصلہ کیا۔











