فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن کا خواہش مند ملک ہے، تاہم اگر دشمن نے کوئی جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو جواب وہی ہوگا جو مئی میں دیا گیا تھا۔
ایوانِ صدر میں اردن کے بادشاہ کے روانہ ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ اللہ نے جس طرح نبی کریم ﷺ کو کامیابی عطا کی، اسی طرح ہمارے جوانوں کو بھی سرخرو کیا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ مئی میں جب پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستانی سپاہی اللہ کی رضا کے لیے میدان میں اترے اور اللہ تعالیٰ نے قوم کو کامیابی نصیب کی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن اگر دشمن نے لڑائی پر مجبور کیا تو ردِعمل وہی ہوگا جو پہلے دکھایا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کے حکم کے مطابق اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے غزوۂ احد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح اُس دوران مٹھی بھر مٹی نے فتح کا راستہ ہموار کیا، اسی طرح پاکستانی سپاہیوں نے بھی ثابت قدمی سے مقابلہ کیا۔
عاصم منیر نے کہا کہ ہماری فتح اللہ کی مدد سے ممکن ہوئی، مسلمان جب اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو وہ مٹی بھی دشمن کے لیے دیوار بن جاتی ہے۔
گفتگو کے دوران شرکاء نے فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ انہوں نے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ماضی میں بڑھتی ہوئی دشمن قوتوں کے سامنے اللہ نے مدد فرمائی، اسی طرح آج بھی اس کی نصرت شاملِ حال ہے۔











