چوہدری انوار الحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، فیصل ممتاز نئے وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

مظفر آباد۔آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک منظور ہوگئی، جس کے نتیجے میں فیصل ممتاز راٹھور نئے قائدِ ایوان منتخب ہو گئے۔ اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیرِ صدارت اجلاس میں تحریک پیش کی گئی، جس میں فیصل ممتاز راٹھور کو متبادل امیدوار نامزد کیا گیا۔

ووٹنگ کے دوران فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں 36 جبکہ مخالفت میں صرف 2 ووٹ آئے۔ تحریک کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار تھے، اس طرح واضح برتری سے عدم اعتماد منظور ہوئی۔ چوہدری انوار الحق، جو اپریل 2023 میں 48 ووٹ لے کر وزیراعظم بنے تھے، نے استعفیٰ دینے کے بجائے ایوان میں تحریک کا سامنا کیا۔

فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں وزیراعظم ہوں گے اور وہ موجودہ اسمبلی کے چوتھے سربراہِ حکومت بن رہے ہیں۔ ان کی حلف برداری کل (منگل) کو متوقع ہے جس میں پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی شرکت کا بھی امکان ہے۔

ووٹنگ سے قبل دارالحکومت میں سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ نئی حکومت کو منصب سنبھالتے ہی دو بڑے سیاسی چیلنجز درپیش ہوں گے: ایکشن کمیٹی سے ہونے والے معاہدوں پر عملدرآمد، اور مسلم لیگ (ن) کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے سے نمٹنا۔

کابینہ کو بیس وزراء تک محدود رکھنا بھی ایک مشکل مرحلہ ہوگا، جبکہ آج کی ووٹنگ نے آزاد کشمیر کی سیاسی سمت کو ایک نئے دور میں داخل کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں