وزیراعلیٰ اپنا کام کریں اگر بدمعاشی کی تو خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگ سکتا ہے، فیصل واوڈا

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ہم سب کی کوشش ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور اگر بدمعاشی دکھائی تو صوبے میں گورنر راج لگ سکتا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ 26 نومبر کی تڑی لگائیں گے تو پھینٹا لگے گا اور اب اگر یہ مزید بدمعاشی کریں گے تو گورنر راج لگ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ خیبر پختونخوا کا وزیراعلی اپنی ذمہ داریاں نبھائے، اگر خیبر پختون خواہ کا وزیراعلی اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا سکتا تو گورنر راج کا آپشن ہونا نہیں ہے بلکہ ہو جائے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ فیصل کریم کنڈی ہی گورنر خیبر پختون خواہ رہیں، اگر کسی اور نام کا قرعہ نکلتا ہے تو وہ پھر سیاسی نہیں ہوگا اور فیصل کریم کنڈی کے نام پر ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی وزیراعلیٰ کو بانی سے ملاقات کی خواہش ہے تو دیوار پر ٹکر مارتے رہیں، دیوار کو کچھ نہیں ہونا اور دیوار سے کچھ نہیں ملنا، آپ کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ آپ سیاسی طور پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے پاس جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں