اظہارِ رائے کی آزادی کا مطلب جھوٹی خبریں پھیلانا نہیں، فیک نیوز پر کریک ڈاؤن ہوگا، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی کا مطلب جھوٹی خبریں پھیلانا نہیں ہے۔ فیک نیوز پر اب کریک ڈاؤن ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کا انخلا ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ افغان باشندوں سے درخواست ہے کہ وہ خود وقار کے ساتھ اپنے وطن واپس جائیں، کیونکہ وہ اب پاکستان میں ہمارے مہمان نہیں رہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں ملوث ملزمان کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہوئی، جن میں ایف سی پر حملہ کرنے والے 3 افراد اور اسلام آباد کچہری حملہ آور بھی شامل تھے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم افغانوں کی واپسی کا عمل جاری ہے اور اب تک اس میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو افغان باشندہ واپس بھیجے جانے کے بعد دوبارہ پاکستان آیا تو اسے گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ خیبر پختونخوا میں افغان کیمپ ختم کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں