عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر علیمہ خان اور کارکنوں نے اڈیالہ کے قریب دھرنا دے دیا، علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات نہ کرنے کا پیغام دیا ہے، اب جب عمران خان نے پیغام دے دیا تو اب کوئی مذاکرات کا کہہ گا تو وہ بانی کی پارٹی کا نہیں ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آج عمران خان سے ملاقات کا دن ہے، راولپنڈی داہگل، گورکھپور اور فیکٹری کے قریب ناکے لگ گئے، ناکوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی بہنیں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین خان گورکھ پور ناکے پر پہنچیں اور پیدل جیل کی جانب روانہ ہوئیں۔ علیمہ خان کی قیادت میں تمام کارکن گورکھ پور ناکے سے پیدل روانہ ہوئے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی گاڑی ناکے سے آگے نہیں جاسکی۔
بانی کی تینوں بہنیں چھوٹے جلوس کے ساتھ فیکٹری ناکے پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے روڈ کو مکمل سیل کردیا۔ علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین خان فیکٹری ناکے پر پابند ہوگئیں، کارکنوں نے نعرے بازی کی۔
بعدازاں ملاقات نہ ہونے پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا، ملاقات کی اجازت تاحال نہیں ملی، بہنوں کے ساتھ کارکنوں نے بھی دھرنا دے دیا۔ سلمان اکرم راجہ، شفیع اللہ جان بھی فیکٹری ناکے پہنچ گئے۔











