آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی معاملات پر لاہور میں پی سی بی، آئی سی سی اور بنگلا دیش بورڈ حکام کا طویل اجلاس ہوا جس میں پاکستان نے اپنے تحفظات کا کھل کر اظہارکیا۔
ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں آئی سی سی وفد کے ساتھ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ طویل میٹنگ میں زیر بحث ایشوز پر گفتگو کے بعد اب آئی سی سی کے نمائندے عمران خواجہ میٹنگ کی تفصیلات سے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے۔
پاکستان نے دلائل کے ذریعے اپنے تحفظات اور موقف کا کھل کر اظہار کیا۔آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین نے بھارت سے میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا۔ان کا موقف تھا کہ پاکستان کو کرکٹ کے توسیع تر مفاد میں بھارت کے ساتھ میچ کھیلنا چاہیے۔
میٹنگ میں عمران خواجہ نے بعض معاملات پر پاکستان اور بنگلا دیش کے موقف کی حمایت بھی کی اور پی سی بی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔











