اسرائیل اور امریکا کی جانب سے مشترکہ حملے کے بعد ایران کی جانب سے بھی جوابی حملے جاری ہیں تاہم اسرائیل کے تازہ ترین حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای شہید ہوگئے جس کی ایران کے سرکاری میڈیا نے تصدیق کر دی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق شہادت کے وقت ایرانی سپریم لیڈر اپنے دفتر میں موجود تھے۔ ایران میں 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ملک میں سات روز کے لیے چھٹی کا بھی اعلان کیا گیا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر عراق میں مقدس روضوں پر انقلاب کی علامت سرخ لائٹیں روشن کردی گئی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد ایران کے شہر مشہد میں حرم امام رضا کے گنبد پر سیاہ پرچم لہرایا دیا گیا، یہ پرچم روایتی مذہبی عزاء یا سوگ کے مواقع پر لہرایا جاتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطاق آیت اللہ علی خامنہ ای کے انتقال پر مشہد میں سوگ کی فضاء ہے، آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد مشہد میں عوام بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔
حرم امام رضا سے ویڈیو جاری کر دی گئی جس میں کئی افراد غم سے نڈھال ہو کر زمین پر بیٹھے نظر آئے۔











