پاک فوج نے تازہ کارروائیوں میں قندھار میں ایک سرنگ، تکنیکی معاونت کے کئی ٹھکانے اور چترال سیکٹر میں واقع بادینی چیک پوسٹ تباہ کردی، آپریشن میں تاحال 684 دہشت گرد ہلاک اور 912 زخمی ہیں، 252 چیک پوسٹیں تباہ اور 44 پر قبضہ کیا جاچکا ہے۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جنگ کی صورتحال سے متعلق تازہ اعداد و شمار پیش کردیے جس کے مطابق پاک فوج کی افغانستان میں کی گئی کارروائیوں میں تاحال 684 دہشت گرد ہلاک اور 912 زخمی ہوچکے ہیں، فوجی کارروائیوں میں افغان طالبان رجیم کی 252 چیک پوسٹیں تباہ ہوچکی ہیں جب کہ 44 پر قبضہ کرکے انہیں تباہ کیا گیا، 229 ٹینکس، آرمرڈ وہیکل اور آرٹلری گنز کو تباہ کیا جاچکا ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق افغانستان بھر میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے 73 مقامات کو فضائی کارروائی کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
ٹویٹ کے مطابق 14 اور 15 مارچ کی درمیانی شب پاکستان کی مسلح افواج نے افغانستان میں عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانے شامل تھے۔











