خیبر پختونخوا کے ملاکنڈ ڈویژن کے ضلع باجوڑ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سابق سینیٹر سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ضلع باجوڑ کے علاقہ ڈمہ ڈولہ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کے ساتھ ساتھ ملک عرفان، نظر الدین، یار محمد اور سمیع الرحمٰن بھی جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار باجوڑ منتقل کردی گئی ہیں۔
دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
ریجنل پولیس آفیسر محمد علی گنڈاپور نے بتایا کہ ہدایت اللہ کی گاڑی کو ڈمہ ڈولہ میں ریموٹ کنٹرول بم سے ٹارگٹ کیا گیا جس کے نتیجے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہدایت اللہ کی گاڑی کو ڈمہ ڈولہ میں آئی ای ڈی سے ٹارگٹ کیا گیا اور تاحال کسی نے بھی دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے باجوڑ کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔