لیبر پارٹی حکومت بنائے گی یا ایک بار پھر ٹوری پارٹی ہو گی کامیاب؟، برطانوی عوام اپنے نئے حکمران کا انتخاب آج کریں گے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں آج ہونے والے عام انتخابات کے دوران برطانوی پارلیمنٹ کی ساڑھے 6 سو نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے 4 ہزار 515 امیدوار مدمقابل ہوں گے، انتخابات میں 464 آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزمائیں گے، عام انتخابات کیلئے برطانیہ بھر میں 40 ہزار پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 سے رات 10 بجے تک جاری رہے گی۔
عام انتخابات کے دوران معیشت میں بہتری، تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مسائل، تعلیم اور صحت میں بہتری، بڑھتے ہوئے گھریلو اخراجات میں کمی کی امیدوار لگائے تقریباً 5 کروڑ ووٹرز اپنے پسندیدہ امیدوار کا انتخاب کریں گے۔
دوسری جانب کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ اور برطانوی وزیر اعظم رشی سونک ایک بار پھر انتخابات میں جیت کیلئے پرعزم ہیں جبکہ دوسری جانب لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹرامر بھی ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ پر اپنی نظریں جمائے ہوئے ہیں، غزہ جنگ سے متعلق پالیسیوں کی بدولت گرین پارٹی، لبرل ڈیموکریٹس، ریفارم یوکے اور آزاد امیدوار کنزرویٹو اور لیبر پارٹی کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔