برطانیہ میں قبل از وقت عام انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔برطانوی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد اب تک کے نتائج کے مطابق ٹوٹل 650 نشستوں میں سے 308 نشستوں کے نتائج آگئے ہیں۔
اب تک کے نتائج کے مطابق لیبر پارٹی نے 225 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے سب سے آگے ہے۔کنزرویٹو 41، لب ڈیم 26 اور اسکاٹش نیشنل پارٹی 4 اور دیگر پارٹیوں نے 12 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کے مطابق لیبر پارٹی کے سربراہ سر کئیر اسٹارمر 18 ہزار 884 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں، ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار اینڈریو فینسٹین 7 ہزار 312 ووٹ لیکر دوسرے جبکہ گرین کے ڈیوڈ اسٹانسل 4 ہزار 3 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔
شمالی لندن کی ہولبارن اینڈ سینٹ پینکراس کی نشست پر دوبارہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سر کئیر اسٹارمر نے اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ حلقہ میرا گھر ہے میرے بچے اسی جگہ پر بڑے ہوئے، میری اہلیہ بھی یہیں پیدا ہوئیں میرے لیے یہ کامیابی بہت بڑا اعزاز ہے۔
ادھر کنزرویٹیو حکومت کے فرسٹ کیبینٹ منسٹر، جسٹس سیکرٹری ایلکس چاک چیلٹنہیم سے مخالف لبرل ڈیموکریٹ امیدوار سے اپنی نشست ہار گئے۔
برطانوی ڈیفنس سیکرٹری گرانٹ شاپس بھی ویلوین ہیٹ فیلڈ سے اپنی نشست ہار گئے ہیں، پر لیبر پارٹی کے امیدوار نے گرانٹ شاپس کو 3 ہزار 799 ووٹوں کی لیڈ سے شکست دی۔
ویلوین ہیٹ فیلڈ کی نشست پر لیبر پارٹی کے امیدوار اینڈریو لوئن نے 19 ہزار 877 ووٹ حاصل کیے جبکہ گرانٹ شاپس 16 ہزار 78 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
سابق لیبر رہنما جیریمی کاربن بھی آئلنگٹن کی نشست سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی عام انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد لندن کے انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
0