اگلے 5 سال کیلئے ہوم گرون اکنامک پلان کا جلد اعلان کیا جائے گا، وزیراعظم

اگلے 5 سال کیلئے ہوم گرون اکنامک پلان کا جلد اعلان کیا جائے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماہرین کے ساتھ مل کر آئندہ 5 سال کے لیے ہوم گرون اکنامک پلان کا جلد اعلان کردیا جائے گا اور ایک ہزار پاکستانی طلبہ اور ریسرچ اسکالرز چین میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی تربیت حاصل کریں گے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ہاورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں 9 ملکوں کے طلبا و طالبات شامل تھے، جنہیں وزیراعظم نے پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

ہاورڈ بزنس اسکول کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے گورننس کا نظام بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے لیکن بیرونی اور اندرونی قرضے معیشت کے لیے چیلنج ہیں تاہم معاشی استحکام کے ذریعے اس چیلنج پر جلد قابو پا لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تجارتی خسارے میں کمی کے حوالے سے ایکسپورٹ لیڈ گروتھ کی پالیسی پر کام کر رہے ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، تھر کول توانائی کا بیش قیمت خزانہ ہے جس کو استعمال میں لا کر پاکستان کی بجلی کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے چینی مہارت سے استفادہ کر رہے ہیں اور ایک ہزار پاکستانی طلبہ اور ریسرچ اسکالرز چین میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی تربیت حاصل کریں گے۔

طلبہ سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے پہلی بار ملک کی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک برآمدات 3.2 ارب امریکی ڈالرز سے تجاوز کیں جو خوش آئند ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں