بیروت: حسن نصر اللّٰہ کو شہید کردیا، اسرائیلی دعویٰ، حزب اللّٰہ کی تردید
تازہ ترین: حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے، حزب اللہ نے اپنے سربراہ کی شہادت کی تصدیق کردی۔
عالمی میڈیا کے مطابق ایک روز قبل جنوبی بیروت میں اسرائیلی فوج نے حملہ کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اپنی بیٹی اور رہنماؤں سمیت شہید ہوگئے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے حزب اللّٰہ کے سربراہ سید حسن نصر اللّٰہ کو فضائی حملے میں شہید کرنے کا دعویٰ کر دیا جبکہ ایرانی میڈیا اور حزب اللّٰہ نے اس کی تردید کی ہے۔
اسرائیل نے بیروت میں بد ترین بم باری میں حزب اللّٰہ ہیڈ کوارٹرز اور حسن نصر اللّٰہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب غیرملکی میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن نصر اللّٰہ سے رابطہ گزشتہ شام سے منقطع ہے تاہم ذرائع نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق بھی نہیں کی۔
تاہم ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ حسن نصر اللّٰہ محفوظ ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں۔
حسن نصر اللّٰہ کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیاروں نے گزشتہ روز بیروت میں ایک ساتھ 15 میزائل داغے تھے جس سے 6 عمارتیں تباہ، 8 افراد شہید اور 91 زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حسن نصر اللّٰہ بم باری کا شکار عمارت کی زیرِ زمین 14 ویں منزل میں قیام کرتے تھے۔
حزب اللّٰہ کی تردید:
اسرائیلی میڈیا نے حملے میں حسن نصر اللّٰہ کی بیٹی زینب نصر اللّٰہ کی شہادت کا بھی دعویٰ کیا ہے تاہم اس کی حزب اللّٰہ کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں ہو سکی ہے۔
اسرائیل نے تازہ حملوں میں حزب اللّٰہ کے میزائل یونٹ کے کمانڈر محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل کو شہید کرنے کادعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللّٰہ کے اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں جس میں ہتھیاروں کی تیاری، گودام اور کمانڈ سینٹرز شامل ہیں۔
دوسری جانب حزب اللّٰہ کی طرف سے بھی اسرائیل پر حملے جاری ہیں، حزب اللّٰہ نے رات گئے اسرائیل پر 65 راکٹ فائر کیے جس سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہر تل ابیب میں حملوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ کر کے شیلٹرز کھول دیے گئے ہیں۔