کوئٹہ: پنجگوربلوچستان،بی ایل اے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 7 پنجابی مزدور جاں بحق
بلوچستان کے علاقے پنجگور میں ایک گھر پر فائرنگ کے نتیجے میں 7 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پنجگور کے علاقے خدا بدن میں بی ایل اے کے دہشتگردوں نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔
واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی اہلکار اور کارکنان جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے لاشوں ور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا۔
پنجابی مزدور جاں بحق:
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کا تعلق پنجاب سے ہے جنہیں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے سفاکی اور بے دردی سے قتل کیا۔
مقتولین خدا بدن، پنجگور کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کر رہے تھے جن کا تعلق پنجاب کے علاقے ملتان سے تھا۔
مقتولین میں ساجد، فیاض، خالد، شفیق، افتخار، سلمان اور بلال شامل ہیں جبکہ زخمی کی شناخت محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔
اُدھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجگور کے علاقے خدا بدان میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقتولین کی بلندیٔ درجات کیلیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعظم نے فائرنگ کی نتیجے میں زخمی ہونے والے مزدور کی جلد صحت یابی کی دعا اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معصوم اور بے گناہ مزدور خدا بدان، پنجگور کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کر رہے تھے، محنت کشوں اور مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔