اسلام آباد: انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں14 دن کی توسیع کردی گئی ہے.
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی زیر صدارت اجلاس میں تاریخ میں توسیع کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں 14 اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے۔
ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 15 دن بڑھانے کی تجویز
تاریخ میں توسیع کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی اس مدت کے مقابلے میں ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے والوں کی تعداد دو گنی ہوگئی ہے۔
ایف بی آر نے ستمبر کیلئے ٹیکس کا ٹارگٹ پوراکرلیا، ستمبر کیلئے ٹیکس کا 1098ارب کا ٹارگٹ بڑھ کر 1100ارب ہوگیا۔
واضح رہے کہ تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔
قبل ازیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا تھا کہ مالی سال 2024 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جا رہی۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے مختلف ذرائع ابلاغ پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
اعلامیے میں کہا گیاتھا کہ تمام ٹیکس دہندگان سے درخواست ہے کہ جرمانہ اور سزاوں سے بچنے کے لئے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے فوری جمع کرائیں۔
حالانکہ یہ بات سامنے آچکی تھی کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع ممکن ہے جبکہ سسٹم پر لوڈ کی وجہ سے شہری ریٹرن فائل کرنے سے قاصر ہیں۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق سسٹم پر بوجھ کی وجہ سے صرف تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس ریٹرن بمشکل فائل ہوپارہے ہیں جبکہ ہیوی ڈیٹا یا بڑی فائلز والے انکم ٹیکس ریٹرن کی پراسسنگ میں مشکلات درپیش ہیں۔