ایکس کب کھلے گا، چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق جب حکومت کہے گی ایکس کھول دیں گے، انٹرنیٹ بند کرنے کیلئے آج تک کسی سیکیورٹی ایجنسی نے خط نہیں لکھا۔
چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے ایکس کب کھلے گا کے حوالے سے کہا ہے کہ ہمیں جس دن حکومت کہے گی ہم ایکس کو کھول دیں گے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ہے کہ حکومت یا وزارتِ داخلہ اگر ایکس بند کرنے کی ہدایت دے تو ہم اس سے سوال نہیں اٹھا سکتے، ہدایت پر ہم ایکس بند کرنے کے پابند ہیں، ہمیں جس دن حکومت کہے گی ہم کھول دیں گے۔
میجرجنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ لوگ گوگل پر سرچ کر کے دیکھ لیں کہ ایشیاءمیں انٹرنیٹ کب کب اور کتنا بند ہوا، 2022 میں انڈیا میں 24مرتبہ جبکہ پاکستان میں ایک بار انٹر نیٹ بند ہوا، 2023میں انڈیا میں ایک سو سولہ بار انٹرنیٹ بند ہوا، فرانس میں جو واقعہ پیش آیا اس وقت کتنے دن انٹرنیٹ بند رہا، بنگلہ دیش کے آخری انتخابات میں کیا انٹرنیٹ بند نہیں ہوا، ہم اس کی حمایت نہیں کرتے مگر ہر ملک کے سیکیورٹی تحفظات ہوتے ہیں، قومی سلامتی ایک ضرورت ہوتی ہے جس کو حکومت ہی دیکھتی ہے۔
میجرجنرل (ر) حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ پنجگور میں اس وقت ڈیٹا بند ہے، مجھ سے اس بارے میں پوچھا گیا تو میں نے کہا متعلقہ کور کمانڈر اور وزارت داخلہ سے پوچھیں ،ہمیں جب کہیں گے ہم کھول دیں گے، قومی سلامتی سے متعلق فیصلے حکومت اور وزارت داخلہ کو ہی کرنے ہوتے ہیں۔
ہمارے پاس شکایات کا میکنزم ہے، یومیہ شکایات موصول ہوتی ہیں، جہاں سوشل میڈیا پر خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہم پیکا قانون سمیت دیگر متعلقہ قوانین دیکھتے ہیں، سوشل میڈیا ویب سائٹس ہمارے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تک کسی سیکیورٹی ایجنسی نے ہمیں کوئی خط نہیں لکھا، سیکیورٹی ایجنسیاں ہمیں نہیں کہتی سوشل میڈیا یا انٹرنیٹ بند کیا جائے، ہمیں عدالت حکم دیتی ہے یا وزارت داخلہ کہتی ہے۔