یوں تو دماغ کیلئے مفید غذائیں بے شمار ہیں مگر یہاں کچھ خاص غذائوں کا ذکر کیا جائے گا، جن سے طلبہ بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
امتحانات کی تیاری کے دوران طلبہ کو چیزیں یاد کرنے کے حوالے سے مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ماہرین کے مطابق امتحانات کے دوران طلبہ کو اپنی صحت کا بھرپور خیال رکھنا چاہیے تاکہ وہ اچھے طریقے سے امتحان دے کر زیادہ سے زیادہ نمبر حاصل کر سکیں۔
اس سلسلے میں دماغ کیلئے مفید غذائیں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، یہ صحت مند سنیکس مندرجہ ذیل ہیں۔
اخروٹ اور بیج
اخروٹ اور بیج میں وٹامن ای اور زِنک جیسے اہم غذائی اجزا بھرپور مقدار میں ہوتے ہیں جس سے دماغ کی صحت مضبوط ہو جاتی ہے۔
ان میں پروٹین، فائبر اور صحت مند فیٹس بھی بڑی مقدار ہوتے ہیں جس سے طویل دورانیے کے لیے توانائی حاصل ہوتی رہتی ہے۔
انڈے
انڈے جہاں ناشتے کے لیے بہترین ہوتے ہیں وہیں ان کا دماغ پر بھی بہت اچھا اثر پڑتا ہے۔ وٹامن بی سکس، فولک ایسڈ، پروٹین اور وٹامن بی 12 سے بھرپور ہونے کے باعث انڈے دماغی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔
امتحانات کے دوران ایک پورا انڈہ کھانے کی کوشش کریں تاکہ اس سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہو سکیں۔
پروٹین سے بھرپور خوراک
امتحانات کے دنوں میں پروٹین سے بھرپور کھانے دماغ پر بہت مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ انسانی جسم پروٹین کو جذب کرنے کے لیے کچھ وقت لگاتا ہے اور پھر مسلسل توانائی فراہم ہوتی رہتی ہے۔
اسی لیے امتحانات کے دنوں میں پنیر، چنے، انڈے اور پروٹین سے بھرپور خوراک ضرور کھانی چاہیے۔
ترش پھل
ترش پھل )سٹرس فوڈ) کھانے سے ذہنی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور دماغ کی مجموعی کارکردگی بہتر ہو جاتی ہے۔ ترش پھل کھانے سے قوت مدافعت بڑھتی ہے اور امتحانات کے دنوں میں غیر ضروری طور پر بیمار ہونے سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
ڈارک چاکلیٹ
ڈارک چاکلیٹ میں پائے جانے والا کوکوا اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جس سے دماغ کی صحت بہتر ہو جاتی ہے۔ ڈارک چاکلیٹ کی وجہ سے دماغ میں خون کی گردش بھی تیزی سے ہو جاتی ہے۔
امتحانات کے دنوں میں میٹھے سے بھرپور کھانے، سافٹ ڈرنکس، پکے پکائے کھانے اور تلی ہوئی چیزیں کھانے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ نیند کو بھی پورا کیا جائے۔