وزن میں کمی

وزن میں کمی کیلئے ڈائٹ ٹپس اپنائیں اور مرضی کے نتائج حاصل کریں

وزن میں کمی ہر اس شخص کی ضرورت ہے جو محسوس کرے کہ وہ موٹاپے کا شکار ہو رہا ہے کیونکہ موٹاپا یا وزن کا زیادہ ہونا انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ چیز ہے۔
موٹاپا خود ایک بیماری ہے اور اس ایک بیماری سے دیگر کئی جان لیوا اور پیچیدہ بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔
عام طور پر مذہبی تہواروں یا چھٹیوں کے دنوں میں ہمارے ہاں گھروں میں دعوتوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے اور ان دعوتوں میں کئی قسم کے کھانے کھائے جاتے ہیں جس سے وزن بڑھ جاتا ہے۔
یوں تو پرتکلف کھانوں کو کھانے کا سلسلہ سال بھر ہی جاری رہتا ہے تاہم تہواروں کے دنوں میں ہونے والی ڈائٹ کی چھٹیاں ہمیں زیادہ کیلوریز اور فیٹس دیتی ہیں۔
اسی سلسلے میں یہاں وزن میں کمی کے لیے یعنی کیلوریز جلانے کے لیے کچھ ڈائٹ ٹپس بتائی گئی ہیں، آئیے جانتے ہیں کہ وہ کیا ہیں۔
لیموں والا پانی
یہ بات تو سچ ہے کہ کریلے یا باقی سبزیوں کو کھانے سے پرتکلف کھانوں جیسا مزہ تو نہیں آتا تاہم مرغن غذا ہماری صحت کے لیے ضرور نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔
کیلوریز جلانے کے لیے نیم گرم پانی کا گلاس لیں، اس میں لیموں نچوڑیں اور دن کا آغاز اسے آرام آرام سے پی کر کیا جائے۔ اس سے جسم میں موجود فیٹس اور دیگر مادے خارج ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
پروٹین لیں
کاربوہائیڈریٹس کو کم کرنا ڈائٹ کو متوازن کرنے کے لیے بھی بہت اہم ہے۔
ان کاربوہائیڈریٹس میں میٹھی اور تلی ہوئی چیزیں شامل ہوتی ہیں، لہذا فاسٹ فوڈ اور سافٹ ڈرنکس کا استعمال ترک کر دیں۔
کاربوہائیڈریٹس کی جگہ پروٹین سے بھرپور خوراک کھائیں جس سے نہ صرف زیادہ وقت تک پیٹ بھرا رہے گا بلکہ بسیار خوری سے بھی جان چھوٹ جائے گی۔
پروٹین والی اشیا جیسے توفو، دالیں، لوبیا اور مچھلی کو اپنی خوراک کا حصہ بنایا جائے۔ ان سے نہ صرف آپ کے مسلز سے اضافی چربی ختم ہو گی بلکہ کیلوریز بھی زیادہ ختم ہوں گی۔
برسک واک اور دوڑ
پھرتیلی اور سخت ورزش کرنے سے وزن کم ہوتا ہے اور فٹنس بھی بہتر ہو جاتی ہے۔ کیلوریز جلانے کے لیے دوڑ، برسک واکنگ، تیراکی، ڈانس یا یوگا جیسی مشقیں کی جائیں۔
جسمانی سرگرمیاں کرنے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، دل آکسیجن کو بہتر انداز میں ٹرانسپورٹ کرتا ہے اور پسینہ آتا ہے جس سے کیلوریز بھی جلتی ہیں۔
پانی کی کمی نہ ہونے دیں
تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ جسم میں پانی کی مقدار پوری رکھنے سے کیلوریز جلتی رہتی ہیں۔ پانی سے ہمارے اندورنی اجزا صاف ہو جاتے ہیں اور ان سے زہریلے مادے نکلتے ہیں اور ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے۔
زیادہ پانی پینے سے ہمیں بھوک محسوس نہیں ہوتی اور ہم غیر ضروری سنیک بریک لینے سے بھی بچ جاتے ہیں۔ زیادہ پانی پینے سے جلد صاف ہوتی ہے اور گردے بھی صحت مند رہتے ہیں۔
دہی کھچڑی
گھر کی بنی ہوئی سادہ دہی کھچڑی فائبر سے بھرپور صحت مند غذا ہے۔ اس کے علاوہ ہم اپنی ڈائٹ میں سبزیوں اور پھلوں کو بھی شامل کر سکتے ہیں۔ سادہ غذائیں بدہضمی، قبض اور گیس جیسی خطرناک بیماریوں سے بچاتی ہیں۔
خیال رہے کہ وزن کم کرنے کا آغاز سخت ڈائٹ سے ہی نہ شروع کیا جائے کیونکہ بہت تیزی سے وزن کم ہونے کے بھی نقصانات ہوتے ہیں۔
یاد رکھیں کہ وزن کم کرنے کے لیے ہمیشہ معتدل ورزش کریں اور اس کیساتھ ساتھ صحت مند خوراک بھی کھائیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں